واٹس ایپ اکائونٹس ہیک ہونے لگے، صارفین کو ہیکرز کے ممکنہ حملے سے متعلق انتباہ جاری

فیصل آباد (نیوز ڈیسک) واٹس ایپ اکاؤنٹس بھی ہیک ہونے لگ گئے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں واٹس ایپ اکاؤنٹس غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔ہیکرز ایک کوڈ کے ذریعے سے باآسانی شہریوں کے اکاؤنٹس پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ہیکرز نے سینکڑوں واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کر لیے ہیں۔اس حوالے سے 2 ماہ میں 300 سے زائد شکایتیں سائبر کرائم کو موصول ہوئی ہے۔واٹس ہیکرز کے شکار ایک شہری کا کہنا ہے کہ اُس کے پاس موبائل میں ایک کوڈ آیا جس پر کلک کرتے ہی اس کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا۔شہری کا کہنا تھا کہ میں نے جیسے ہی کوڈ پر کلک کیا تو میرا واٹس ایپ بند ہو گیا میں دوبارہ چلانے کی کوشش کی تاہم واٹس اکاؤنٹ بحال نہ کو سکا۔جب کہ دوسری جانب دو روز قبل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے واٹس ایپ ہیکرز سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ نجی بنکوں پر

سائبر حملوں کے بعد واٹس ایپ بھی ہیکرز کا ہدف ہوسکتے ہیں۔ ہیکرز کی جانب سے کالز کئے جانے کی شکایات پر ایف آئی اے نے الرٹ جاری کیا۔بینک صارفین کو بیرون ملک سے رقم ملنے والی کالز پر کسی قسم کا ڈیٹا نہ دینے کی ہدایت کی گئی ۔ الرٹ میں ہیکرز کی جانب سے واٹس ایپ ہائی جیک کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کے اکاؤنٹس واقعی ہیک ہو رہے ہیں جس کا شکار سب سے پہلے فیصل آباد کے شہری ہوئے ہیں جہاں 300 سے زائد شہری اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ کھو بیٹھے۔اس تمام صورتحال میں واٹس ایپ صارفین کو خاص خیال کرنے کی ضرورت ہے کہ اگر کوئی بھی کوڈ یا لنک موصول ہو تو اس پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اس کوڈ کو ڈائل کریں بصورت دیگر آپ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے اور آپ کی پرائیویسی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔