پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شیل گیس اور تیل کی تلاش کے کام کا باقاعدہ آغاز کرنے کی تیاریاں مکمل

لاہو(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے ملک میں ‘شیل گیس’ کے ذخائر تلاش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت ہوا۔پیٹرولیم ڈویژن حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں شیل گیس کے 95 ٹریلین کیوبک فٹ یعنی 14 ارب بیرل کے ذخائر کا اندازہ ہے، آئندہ ماہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) شیل گیس کی تلاش شروع کرے گی۔حکام نے کہا کہ ملک میں پہلی شیل گیس پالیسی بنانے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کُنڑ پیساکھی میں آزمائشی بنیاد پرشیل گیس کی تلاش شروع کریں گے،

شیل گیس کے ذخائر کے لیے یہ پائلٹ اور مہنگا پراجیکٹ ہے۔کمیٹی اراکین کو ڈی جی پیٹرولیم کنسیشن عمران احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں تیل و گیس کی اب تک 394 دریافتیں ہوئیں، ان میں 309 دریافتیں گیس اور 85 دریافتیں تیل کی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دریافتوں میں کامیابی کی شرح 34 فیصد رہی جبکہ فعال دریافتوں کے لائنس کی تعداد 133 ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انرجی مکس 75 فیصد تیل و گیس پر مشتمل ہے، انرجی مکس میں گیس کا حصہ 34 فیصد، تیل 31 فیصد اور کوئلہ 13 فیصد ہے جبکہ یومیہ تیل کی پیداوار 89 ہزار بیرل ہے جس میں او جی ڈی سی ایل کا حصہ 45 فیصد ہے۔