آصف علی زرداری کے بعد مریم نواز کا انٹرویو بھی نشر کرنے سے روک دیا گیا،مریم نواز نے ایسا کیا کہا کہ انٹرویو روکنا پڑا، جانئے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل پرسابق صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو آن ائیر آنے کے بعد درمیان میں ہی رکوائے جانے کے بعد ایک دوسرے نجی ٹی وی چینل پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا انٹرویو نشر کیے جانے کے درمیان میں ہی روک دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے جمعرات کی شام 8بجے نجی ٹی وی چینل پر سینئر اینکر پرسن ندیم ملک کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے جج ارشد ملک کی ویڈیو کے حوالے سے گفتگو کی۔مریم نواز کا انٹرویو محض 10 سے 11 منٹ ہی چلا تھا کہ اس کو آف ایئر کردیا گیا ۔ پروگرام کے میزبان ندیم ملک نے بھی انٹرویو نشر ہونے سے زبردستی روکے جانے کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب چینل نے بھی اپنے یوٹیوب چینل پر مریم نواز کے انٹرویو کا وہ

حصہ اپ لوڈ کیاجو 11سے12منٹ کے دوران نشر ہو سکا تھا تاہم اسے بعد میں ہٹا دیا گیا۔انیکر ندیم ملک نے بھی وہی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر شئیر کی ہے۔اینکر پرسن ندیم ملک نے ٹوئٹر پر مریم نواز کا انٹرویو آف ایئر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ”میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ مریم نواز کا انٹرویو لائیو شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی زبردستی رکوادیا گیا“۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن حامد میر کو ایک انٹرویو دیا تھا جو آن آئیر آنے کے کچھ ہی دیر بعدآف ایئر کردیا گیا تھا۔سینئر صحافی حامد میر نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ انٹرویونشر کرنے سے زبردستی رکوایا گیا تھا۔مریم نواز نے انٹرویو کے دوران جج ارشد ملک کے حوالے سے کہا کہ انکی اور بھی ویڈیوز موجود ہے جو مدینے میں ریکارڈ کی گئی تھی اور اسے بھی نشر کیا جا سکتا ہے۔