کھربوں کی دولت کے مالک ملک ریاض نے اپنے ملازمین کی تنخواہیں دبا لیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک ریاض جو پاکستان کے بزنس ٹائیکون اور ریئل اسٹیٹ کی مایہ ناز کاروباری شخصیت ہیں انہوں نے گزشہ ماہ 11 اپریل کو “آپ نیوز” کے نام سے بنایا گیا چینل اچانک ایک ای میل کے ذریعے بند کیا اور ملازمین سے ای میل میں وعدہ کیا گیا کہ ان کو ان کی تنخواہ دی جائے گی اور اچانک ادارہ بند ہونے کی صورت میں پیش آنے والی مالی مشکلات کے ازالے کے لیے نوٹس پریڈ کی تنخواہ22 اپریل اور ہر مہینے کی5 تاریخ کو 3 ماہ تک آدھی تنخواہ باقاعدگی سے دی جائے گی۔مگر ملازمین کی گزشتہ ایک ماہ کی تنخواہ کے بعد ان کی 11 دن سمیت نوٹس پیریڈ کی تنخواہ کا ابھی تک

کوئی پتہ نہیں آپ نیوز سے نکالے گئے بےچارے ملازمین کو عید کی خوشیاں پھیکی پڑتی نظر آ رہی ہیں۔ اپنی تنخواہ کیلئے یہ ملازمین کبھی کسی سے کوئی تاریخ لیتے ہیں تو کبھی کسی سے کوئی تاریخ ملنے پر خوش ہوتے تھے مگر جیسے تیسے رمضان المبارک گزارنے کے بعد اب عید پر بھی پیسے نہ ملے تو یہ ملازمین کس طرح گزارا کریں گے اس بات کا صرف تصور ہی کیا جا سکتا ہے۔آپ نیوز کے ملازمین کی تنخواہ کیلئے صحافیوں ایک وفاقی تنظیم کے صدر نے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کی چیئرمین بحریہ ٹاؤن سے بات ہو چکی ہے اور گزشتہ منگل کے روز ملازمین کے واجبات ہر صورت مل جائیں گے،مگر یہ وعدہ ابھی تک وعدہ ہی رہا۔اب اس معاملے پر لاہور پریس کلب نے بھی انٹری ماری ہے اور صدر ارشد انصاری کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں آپ نیوز کے ملازمین کو فوری واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا بصورت دیگر احتجاج کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔صدر پریس کلب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ مظلوم صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے اور چیئرمین بحریہ ٹاؤن کو ہر صورت یہ پیسے عید سے پہلے ادا کرنا ہوں گے۔