بھارت لداخ میں شرمندگی سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو نشانہ بنا رہا ہے،مشیر قومی سلامتی معید یوسف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، کوئی شک نہیں پاکستان میں آج ریاستی دہشتگردی کی گئی،بھارت لداخ میں شرمندگی سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو نشانہ بنا رہا ہے،بھارت اپنے پیر پر کلہاڑی مارنا چاہتا ہے تو مارے۔ انہوں نے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں دہشتگرد حملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستانی قوم اور فورسز نے ہمیشہ دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، چاہے وہ کشمیر میں جغرافیائی تبدیلی کی کوشش ہو، یا پاکستان میں دہشتگردی ہو، پاکستان نے قوم نے ہمیشہ بھرپور عزم کے ساتھ ناکام بنایا۔مشیر قومی سلامتی معید یوسف

نے کہا کہ پاکستان پر آج کا حملہ ریاستی دہشتگردی کا نتیجہ ہے۔کوئی شک نہیں پاکستان پر آج ریاستی دہشتگردی کی گئی۔واضح ہوگیا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارت لداخ میں شرمندگی سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو نشانہ بنا رہا ہے۔بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے متعلق پاکستان کی ہربات سچ ثابت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے ہی بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پیر پر کلہاڑی مارنا چاہتا ہے تو مارے،پاکستان کا دشمن کھلی جارحیت پر اتر آیا ہے۔ اسی طرح ڈی جی رینجرز سندھ عمر بخاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہشتگرد 10 بجکر 2 منٹ پر گاڑی میں آئے۔8 منٹ میں سیکیورٹی فورسز نےمشترکہ کارروائی میں دہشتگردوں کو مار دیا۔انہوں نے کہا کہ 10 بجکر 10 منٹ پر تمام دہشتگردوں کومار دیا،4 دہشت گردوں نے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔پہلی انٹرنس میں ہی 2 دہشت گردوں کو مار دیا گیا تھا۔جس کے بعد دہشت گرد عمارت کے اندر داخل نہ ہو سکے۔ دہشت گرد قتل و غارت اور یرغمال بنانے کے منصوبے کے تحت آئے۔رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے کچھ شہری بھی زخمی ہوئے۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ حملے میں را ملوث لگتی ہے۔اس حملے اور چینی قونصلیٹ پرحملے میں مماثلت ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی”را”کی فرسٹریشن آپ کے سامنے ہے۔