پاکستان میں کوروناوائرس کے 12ہزار سے زائد مشتبہ کیسز،ڈاکٹر ظفر مرزانے حقائق بتادیئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 12ہزار218مشتبہ کیسز ہیں پاکستان میں1408کیسزکنفرم ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں173کیسز کا اضافہ ہوا، 25 لوگ صحتیاب اور11اموات ہوچکی ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اعدادوشمار کے مطابق 28 مارچ کوعالمی سطح پرکورونا وائرس سے متاثرہ نمبر 6 لاکھ سے تجاوز کرگیا ہے، کل اموات28 ہزار کے قریب ہیں،ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں، پاکستان میں آج کے دن 12ہزار218 مشتبہ کیسز ہیں، ان کے ٹیسٹ ابھی ہونے والے ہیں، جبکہ پاکستان میں1408کیسز کنفرم ہیں،ان میں 24 گھنٹے میں173کیسز کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 7 ہزار سے زائد لوگ مختلف قرنطینہ میں موجود ہیں، قرنطینہ میں موجود 3 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ایڈوائزری جاری کرچکے ہیں ملک میں کونسا کرونا ٹیسٹ مستند ہے، بتاچکے ہیں کہ کن علامات کی صورت میں کرونا ٹیسٹ کرانا چاہئے۔معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ 8 رکنی چینی ڈاکٹرز کا وفد آج اسلام آباد پہنچ گیا ہے، چین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کررہا ہے، چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چینی ڈاکٹرز کو کل قومی ادارہ صحت میں بریفنگ دی جائے گی، کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کررہے ہیں۔