ملک بھر میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ تعداد 916 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس عالمی وبا سے پنجاب میں پہلی ہلاکت بھی سامنے آگئی۔پنجاب میں اس پہلی ہلاکت کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 جبکہ پنجاب میں مزید 16 کیسز، سندھ میں مزید 13 کیسز اور گلگت بلتستان میں مزید 9 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 916 ہوگئی۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 13 نئے کیسز آگئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 407 ہوگئی۔اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ نئے آنے والے کیسز میں 8 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منتقل ہوئے جبکہ دیگر 5 کیسز

ایران سے سکھر آنے والے زائرین کے ہیں۔مریضوں کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سکھر کے سوا دیگر صوبے میں 142 کیسز ہیں جس میں سے 141 کیسز کراچی اور ایک دادو سے ہے، جس میں سے 4 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 137 زیر علاج ہیں۔ان 141 کیسز میں 90 کیسز ایسے ہیں جو مقامی سطح پر منقل ہوئے۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ دیگر کیسز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین ہے، جس میں 265 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 3 ہزار 149 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں۔اس سے قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹوئٹ میں ایک مریض کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے کورونا وائرس کا شکار 57 سالہ شخص میو ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔