جی ایچ کیو میں آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ پاک فوج قومی خدمت اور تحفظ کی ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کا اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا جس کا واحد ایجنڈا کورونا وائرس سے بچاؤ تھا۔کانفرنس میں کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے متعلقہ کور ہیڈ کوارٹرز سے شرکت کی اور اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورت حال، اس سے نمٹنے کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے تمام جوانوں اور میڈیکل وسائل کو تیار رہنے اور مختصر نوٹس پر سول انتظامیہ کی مدد کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف کا

کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار اور پر عزم قوم کو کوئی چیز بھی شکست نہیں دے سکتی، پاک فوج انشا اللہ قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے مقدس فریضے کے طور پر قوم کی خدمت اور تحفظ کے فرائض سر انجام دے گی۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورنا وائرس کے کیسز کی تعداد تقریباً 800 تک جا پہنچی ہے اور پنجاب حکومت نے فوج کو طلب کرلیا ہے۔اس کے علاوہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز اور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گے۔