بیرون ملک قید 8608 پاکستانیوں کو رہائی کا پروانہ مل گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بیرون ملک قید 8608 پاکستانیوں کو قید سے آزادی کا پروانہ مل گیا ہے۔ سعودی عرب کی جیلوں سےدو ہزار 620 پاکستانی رہا ہوچکے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کی جیلوں سے 3423 پاکستانی رہا ہوکر پاکستان آئے ہیں۔وفاقی حکومت نے قیدیوں کی رہائی کے تمام اعداد وشمار کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ملائشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو گھر واپس لانے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے دو دفعہ خصوصی طیارہ بھیجا۔ ملائشیا کی جیلوں میں قید 1540 پاکستانی رہا ہوکر خصوصی طیارے کے ذریعے وطن

واپس پہنچے۔ عراق سے 668، قطر سے 106 اور کویت کی جیلوں سے 113 پاکستانی قید سے آزاد ہوئے۔وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی تقریر میں جیلوں میں قید پاکستانیوں اور انکی مشکلات کا ذکر کیا تھا۔ انھوں نے بیرونِ ملک جیلوں میں اسیر ہم وطنوں کی رہائی کیلئے بھرپور کوشش کا عزم کیا تھا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔ سعودی عرب کی جیلوں سے 2620 پاکستانی اب تک رہا ہوچکے ہیں۔