پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ، کالاباغ ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کردیا

میانوالی(نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کی حکومت نے کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے اعلان کے مطابق ملک میں پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ڈیم کی تعمیر کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ متنازعہ منصوبے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا جلد آغاز کیا جائے گا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں سنگین ہو رہے پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی جائے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم کے علاوہ بھی دیگر ڈیموں کی تعمیر کی جائے گی۔ کالا باغ ڈیم کے علاوہ چینیوٹ ڈیم، کرم تنگی ڈیم، شیوک اور سکردو ڈیم بھی تعمیر کیے جائیں گے۔نئے ڈیموں کی تعمیر سے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 25 ملین ایکڑ فیٹ تک پہنچ جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ

ان ڈیموں کی تعمیر سے پانی ذخیرہ کرنے کے علاوہ بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔ جبکہ ان منصوبوں کے باعث سندھ کے علاقوں کو بھی زیادہ پانی فراہم کیا جا سکے گا۔ دوسری جانب سندھ طاس واٹر کونسل نے بھی زور دیا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر بہت ضروری ہے۔سندھ طاس واٹر کونسل کے مطابق کالا باغ ڈیم کی تعمیر پاکستان کی بقا کے لئے ناگزیر ہے۔ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل اور ملکی پانی کی ضروریات کے لئے پانی کے ذخائر پر توجہ دینی ہو گی۔ ملکی اتفاق رائے سے کالا باغ کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان میں ہر سال 30ملین ایکر فٹ پانی ضائع کر دیا جاتا ہے۔ پانی کے ذخائر نہ بنا کر سنگین غلطی کی جا رہی ہے جبکہ بھارت ہمیں بنجر کر سکتا ہے۔ پاکستان میں دریائے کابل کا پانی استعمال کرنے کی بجائے سمندر میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے کابل ڈیم کا پانی ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔