تحریک انصاف کی حکومت (ن) لیگ سے زیادہ ’’کرپٹ‘‘ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے تحریک انصاف کی حکومت کو مسلم لیگ ن سے زیادہ کرپٹ قرار دیدیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے 2019 اور 2018 کا موازنہ کرتے ہوئے رپورٹ جاری کی ہے جس کے بعد تحریک انصاف کو مسلم لیگ سے زیادہ کرپٹ قرار دے دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان 117 رینک تک پہنچا تاہم تحریک انصاف کی حکومت میں اس رینک میں 3 درجے تنزلی آئی۔دنیا بھر میں بدعنوانی پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 180ملکوں اور علاقوں کے سرکاری اداروں میں ہونے والی کرپشن کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس میں سب سے زیادہ کرپٹ کو صفر

اور شفاف ترین ملک کے لیے 100کا ہندسہ رکھا گیا ہے۔پاکستان کا اسکور گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہو کر 33 سے 32 ہو گیا ہے جو ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن کا واضح ثبوت ہے اور نتیجتاً عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ تین درجہ کم ہو کر 117 سے 120 ہو گئی ہے۔ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر نے کہا کہ کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کا 33 سے کم ہو کر 32 ہونے پر جب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے جواب طلب کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس سال متعدد ملکوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 18 ماہ سے تحریک انصاف کی حکومت ہے جو مسلسل کرپشن کو ختم کرنے کے دعوے کرتی رہی ہے۔