عمران خان! آپ کی بھی بیٹی ،بہن ہے،آپ نے ہمیشہ حکومت میں نہیں رہنا،دعا کریں پیپلزپارٹی کی حکومت آئے ورنہ ۔۔۔! بلاول بھٹو پریس کانفرنس کے دوران بہت کچھ کہہ گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خاں صاحب! دعا کریں آپ کے بعد ہماری حکومت آئے،عمران خان! آپ کی بھی بیٹی ،بہن ہے،آپ نے ہمیشہ حکومت میں نہیں رہنا،دعا کریں پیپلزپارٹی کی حکومت آئے، ورنہ دیکھنا کہ آپ کے ساتھ کیا ہونے والا ہے؟پی پی کی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام اور پولیٹیکل انجینئرنگ کا سلسلہ کافی دیر سے جاری ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ اگر حکومتی ارکان کو گرفتار کیا توحکومت گرجائے گی،ان کو بلیک میل کیا گیا۔ بلیک میلنگ اعجاز شاہ کے پرانے حربے ہیں۔ عدلیہ کیخلاف جس طرح کا حملہ پرویز مشرف نے کیا ویسا ہی

حملہ آج کٹھ پتلی وزیراعظم نے کیا ہے۔یہ چاہتے ہیں عدلیہ اسکرپٹ کے مطابق کام کرے۔ جب سے خان صاحب کی حکومت بنی تومعلوم ہوا کہ یہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ابھی الزام ثابت نہیں ہوا، لیکن ان کو بجٹ پیشی کے دوران گرفتار کروایا گیا ہے۔ تاکہ عوام کا توجہ ان کے معاشی قتل سے ہٹ جائے اور بے روزگار نوجوانوں کے معاشی قتل ، کسانوں کے معاشی قتل سے ہٹ جائے اور وہ اپنا بجٹ بھی پاس نہ کرسکے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر کٹھ پتلی وزیراعظم کی بات مان رہا ہے، پروڈکشن آرڈر بھی نہیں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستان اور خان صاحب کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ دونوں میں صرف وردی کا فرق ہے، میڈیا، عدلیہ آزاد نہیں ہے۔قابل احترام ججز کو سازش سے ہٹایا جارہا ہے۔ قومی اسمبلی میں ارکان بات نہیں کرسکتے تو پھر مشرف کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ بلاول نے کہا کہ یہ بزدلوں کی حکومت ہے۔یہ جانتے ہیں کہ حکومت گرسکتی ہے۔اسی لیے انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا ہے، ان کو معلو م ہے کہ ان کی ایوان میں اکثریت نہیں ہے۔ یہ جانتے ہیں ان کی حکومت کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ہمارا کچھ نہیں بگاڑا، میرے والد اور میری پھوپھی کو گرفتار کرلیا، لیکن مجھے تکلیف غریبوں کی ہے، جن کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، موجودہ حکومت جمہوریت پرحملے کررہی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ عمران خان یاد رکھیں! ہر گھر میں عورتیں ہیں،آپ کی بھی بیٹی ، بہن ہے، دعا کریں آپ کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت آئے۔ ورنہ دیکھنا کہ آپ کے ساتھ کیا ہونے والا ہے؟ پی پی کی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔ پی پی کی حکومت کبھی گھروں میں نہیں جاتے، عورتوں کے پیچھے نہیں پڑتے۔