اگلے 2ہفتے انتہائی دردناک ہیں، امریکی صدر کی شہریوں سےتیاررہنے کی اپیل

لندن (نیوز ڈیسک) ہمیں دردناک دو ہفتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکہ میں کورونا سے 2 لاکھ 40 ہزار تک ہلاکتیں ہو سکتی ہیں، تمام ضروری ہدایات پر عمل کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے حوالے سے امریکہ میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران حالات مزید خراب ہونے کا اشارہ دے دیا ہے۔ امریکی صدر نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ کے لیے آئندہ دو ہفتے انتہائی دردناک ثابت ہو سکتے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث 2 لاکھ 40 ہزار کے قریب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا

تھا کہ کورونا اس وقت زندگی اور موت کا معاملہ ہے، ہم زیادہ سے زیادہ وینٹیلیٹرز بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔امریکی صدر نے امریکی شہریوں کو دردناک 2 ہفتوں کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس وباء کی صورت اختیار کر چکا ہے، شہری تمام قسم کے حفاظتی اقدامات کو ضروری بنائیں۔ واض رہے کہ امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا سے 865 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد امریکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چین اور فرانس سے بھی زیادہ ہو گئی۔ امریکہ میں ایک ہی دن میں 8 سو 65 افراد کورونا کا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔امریکہ میں اس وقت ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 54 ہو گئی ہے جو کہ چین اور فرانس سے بھی زیادہ ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 305 ہے جبکہ فرانس میں 3 ہزار 523 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 941 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار 729 کی سطح کو پہنچ چکی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے دگنی ہو گئی ہے۔ ایک ہی روز میں 20 ہزار سے زائد مریضوں کے اضافے بعد امریکہ میں کل کیسز کی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے جو کہ کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ کے مقابلے میں چین کے اندر اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 81 ہزار 518 ہے۔علاوہ ازیں اٹلی بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ اٹلی میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ کا ہندسہ عبور کر

چکی ہے، اس وقت اٹلی میں 1 لاکھ 5 ہزار 792 کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ اور اٹلی کے بعد اسپین کا نمبر آتا ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 95 ہزار 923 ہے۔ اگر وائرس سے ہلاکتوں کا اندازہ لگایا جائے تو اٹلی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں 12 ہزار 428 افراد وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ہلاکتوں میں اٹلی کے بعد اسپین دوسرے، امریکہ تیسرے، فرانس چوتھے جبکہ چین پانچویں نمبر پر ہے۔