کرغزستان میں عمران خان اور نریندر مودی کی ملاقات،کن امور پر بات چیت ہوئی، تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور بھارتی ہم منصب نریندرمودی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے،اس دوران دونوں میں مصافحہ ہوا اور مختصر بات چیت بھی ہوئی ہے، وزیراعظم نے مودی کو الیکشن میں جیت پر مبارکباد پیش کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور مودی کے درمیان ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوسرے سیشن کے دوران ہوئی۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی ہم منصب مودی نے مصافحہ کیا اور مختصر بات چیت بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن میں بڑی فتح پر نریندر مودی کو مبارکباد دی۔اسی طرح وزیراعظم عمران خان کی دوسری نشست روسی صدر کے ساتھ ہوئی۔وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر کے ساتھ ڈیڑھ گھنٹے کی نشست ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر کے ساتھ بھی ملاقات مثبت رہی۔

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ہندوستان کے حوالے سے بشکک میں میڈیا سے انتہائی اہم گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سرکار ابھی تک الیکشن موڈ سے باہر نہیں آئی کیونکہ انتہا پسندی اور ہندوتوا کی بنیاد پر انہوں نے الیکشن جیتا ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت پاکستان کے ساتھ آگے بڑھنا ان کے لئے مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ساری دنیا کے سامنے ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن اگر بھارت بات چیت پر تیار نہیں ہے تو پاکستان کو بھی کوئی جلدی نہیں ہے، پاکستان انتظار کر سکتا ہے، مذاکرات ہوںگے تو باوقار طریقے سے ہوں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے امن کی بات کی جبکہ ہندوستان نے جارحیت کی جس کا ہم نے منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مذاکرات کرنا چاہیں گے تو ہم مذاکرات کریں گے لیکن اگر انہوں نے راہ فرار اختیار کی تو ہم ان کا تعاقب نہیں کریں گے۔