بیوی میکے گئی تھی کہ لاک ڈائون ہوگیا، گھر میں اکیلے شوہر نے دوسری شادی کرلی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر دنیا بھر میں متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جو کہ صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مزید بڑھایا بھی جا رہا ہے لیکن اس دوران کچھ دلچسپ واقعات بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔کورونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے دنیا بھر سے انوکھے ہی واقعات دیکھنے میں آرہے ہیں جن میں کوئی اپنے بچوں کا نام کووڈ-19 اور کورونا رکھ رہا ہے تو کہیں انسانوں کو درخت سے گلے ملنے کو کہا جا رہا ہے۔اسی طرح حال ہی میں بھارتی ریاست بہار میں بھی ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا جہاں بیوی کے میکے جانے پر شوہر نے اپنی سابق

محبوبہ سے ہی شادی کر لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بہار میں رہنے والے دھیرج کمار کی اہلیہ لاک ڈاؤن سے قبل اپنے میکے گئی تھی اور اچانک لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اپنے میکے میں ہی پھنس کر رہ گئی اور ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے اسے وہاں طویل قیام کرنا پڑا۔لیکن اس دوران شوہر نے موقعے کا فائدہ اٹھایا اور سابق محبوبہ سے شادی رچالی۔خاتون کو جیسے ہی اس بات کا علم ہوا کہ ان کے شوہر نے دوسری شادی کر لی تو انہوں نے پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محبوبہ سے شادی کرنے والے دھیرج کمار کو گرفتار کرلیا۔