بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کی آخری رسومات ،گن سلیوٹ کے موقع پر 22 اہلکاروں میں سے کسی کی رائفل سے بھی گولی نہ چلی

پٹنہ(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست بہار کے تین مرتبہ وزیر اعلیٰ رہنے والے جگن ناتھ مشرا کی آخری رسومات کے دوران پولیس اہلکاروں کو اس وقت سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ارتھی کو سلامی دینے والے پولیس اہلکاروں کی کسی ایک بھی رائفل سے گولی نہ چل سکی۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریاست بہار کے ضلع سپال کے ہیڈ کوارٹر میں جگن ناتھ مشرا کو گن سلیوٹ پیش کرنے کے موقع پر موجودہ ریاستی وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی، اہم سیاسی رہنما اور پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ

عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔گن سلیوٹ کے موقع پر پولیس کے 22 اہلکاروں نے اپنی اپنی رائفلیں آسمان کی طرف کرکے بیک وقت فائر کئے تاہم کسی ایک پولیس اہلکار کی رائفل سے بھی گولی نہ چلی۔ اس واقعہ کی وائرل ہونے والی وڈیو میں پولیس اہلکاروں کو بار بار رائفلوں کے ٹریگر دباتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے باوجود کسی ایک رائفل سے بھی گولی نہیں چلی اور جگن ناتھ مشرا کی آخری رسومات بغیر گن سلیوٹ کے ادا کی گئی۔ وڈیو میں سینئر پولیس افسر سارجنٹ میجر راجیش کمار منڈل کو رائفلیں چیک کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔